پشاور سے خبر ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کے لیے 5 سالہ آیت نور کے گھر پہنچے، جنہیں زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔
انہوں نے اس المناک واقعہ پر خاندان سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ نے اس غم کی گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت کے حوالے سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے گی اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بل کو مزید مؤثر اور سخت بنائیں گے تاکہ ایسی دلخراش واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔