پاکستان میں 140کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بائولنگ کرنیوالے 9کھلاڑی ہیں: احمد دانیال

 لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بائولر ڈیولپمنٹ پروگرام میں سخت موسم کے باوجود ٹریننگ جاری ہے:فاسٹ بائولر کی گفتگو
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے فاسٹ بائولر احمد دانیال نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 8 سے 9 ایسے نوجوان فاسٹ بائولرز موجود ہیں جو تسلسل کے ساتھ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بائولنگ کر سکتے ہیں، فاسٹ بائولنگ کے شعبے میں پیدا ہونے والا خلا 100 فیصد ختم کیا جا سکتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بائولر ڈیولپمنٹ پروگرام میں سخت موسم کے باوجود ٹریننگ جاری ہے، موسم بہت گرم اور حبس زدہ ہے، اس لیے بہت خیال رکھ کر ٹریننگ کرنا پڑ رہی ہے، اس سخت موسم میں تربیت کا فائدہ یہ ہو گا کہ آنے والے سیزن کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔احمد دانیال نے بتایا کہ میں نے حال ہی میں نیشنل چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلا اور اس کے لیے تیاری کی تھی، انجریز کی وجہ سے کافی مشکلات رہیں، ڈاکٹر جاوید مغل کے ساتھ بہت کام کیا جس کے بعد اب صحت میں بہت بہتری آئی ہے۔فاسٹ بائولر نے کہا کہ میں نے 149.6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بائولنگ کا آغاز کیا تھا اور اس وقت میرا رن اپ بھی مختصر تھا، میری اوسط رفتار 145 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، پہلے لائن اور لینتھ کا مسئلہ تھا جس پر اب بہت کام کیا ہے۔احمد دانیال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رفتار والے فاسٹ بائولرز کا مسئلہ 100 فیصد حل ہونے والا ہے، 8 سے 9 نوجوان فاسٹ بائولرز ایسے ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بائولنگ کر سکتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ فاسٹ بائولنگ کے شعبے میں پیدا ہونے والا خلا جلد ختم ہو جائے گا۔واضح رہے کہ 29 سالہ احمد دانیال پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس ڈیبیو کیا تھا تاہم اس کے بعد فٹنس مسائل کا شکار رہے، اب مکمل فٹ ہو کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔