2750لٹردودھ ،140کلو سے زائد ناقص اشیا تلف

 فوڈ پوائنٹس،ڈیری شاپس کا معائنہ، 3بند، 16کو 1لاکھ 67ہزار کے جرمانے 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں خوراک کی تیاری سے ترسیل تک کڑی نگرانی جاری ہے، ڈی جی فوڈ عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا لاہور، شیخوپورہ کے علاقوں میں 104 فوڈ پوائنٹس، یونٹس اور ڈیری شاپس کی چیکنگ کے دوران 3 پوائنٹس بندکئے گئے۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 16کو 1لاکھ 67ہزار کے جرمانے کیے گئے، 2ہزار750لٹر دودھ تلف،140کلو سے زائد ناقص گوشت، ایکسپائر بیکری اشیا، ساسز اور باسی سبزیاں تلف کی گئیں۔مزید بر آں مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی مختلف اشیا خورونوش کے 9سیمپل بھی لیے گئے، ملاوٹی دودھ کی لاہور میں سپلائی ناکام بناتے ہوئے کالا شاہ کاکو میں سپلائر گاڑیاں پکڑی گئیں، ریسٹورنٹس میں ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ نے بتایا انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز عدم موجود پائے گئے، فنگس زدہ فریزر، ٹوٹے گندے فرش پر اشیا خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔ گوشت کو دھونے کیلئے گندے پانی کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ خوراک کی تیاری میں ناقص اجزا کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ خوراک میں جعلسازی پرسخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ شہری دودھ کا استعمال سے قبل فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کرائیں، شکایات پرفوری اطلاع دیں۔