منیشا کوئرالہ کی نیپال میں تباہ کن سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

 نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کی تباہی نے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے:اداکارہ کی گفتگو
کھٹمنڈو (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی نیپالی نژاد اداکارہ منیشا کوئرالا نے گزشتہ روز نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کو دل دہلا دینے والی صورتحال قرار دیتے ہوئے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیشا نے کہا کہ نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کی تباہی نے انہیں صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔سانحے پر افسوس کرتے ہوئے انہوں نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ انسانی مصائب کی شدت کو سمجھنا انتہائی مشکل ہے۔ میری پہلی سوچ ان تمام افراد کے لیے ہے جو اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں ہم سب کو ان کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ سرحدوں سے بالاتر ہو کر، انسان سے انسان کے تعلق کی بنیاد پر، اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو تکلیف میں دیکھنا واقعی ایک دل دہلا دینے والی صورتحال ہے۔ ہم سب کو دعا کرنی چاہیے اور آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔