اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) فائٹر منیشا علی نے انگولا میں منعقدہ آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ملک کی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے اعلامیے کے مطابق انگولا کے دارالحکومت لواینڈا میں کھیلے گئے آئی ایم ایم اے ایف (IMMAF) ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی منیشا علی نے میزبان ملک انگولا کی لیونیلا ازابیل بلائی کو دوسرے رانڈ میں سبمشن کے ذریعے چت کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس عالمی ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 15 ٹاپ رینکنگ ٹیموں نے شرکت کی، جس میں دنیا کے بہترین امیچر ایم ایم اے فائٹرز ایکشن میں نظر آئے۔ منیشا کا اگلا ہدف پاکستان اوپن ہے، جس کے بعد وہ 1 نومبر سے جارجیا میں شروع ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں ورلڈ ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔