لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ منیشا کوئرالہ کی ایک بار پھر بڑی اسکرین پر واپسی متوقع ہے کیونکہ انہوں نے ارباز خان کے ساتھ فلم رازدار سائن کر لی انڈین میڈیا کے مطابق تقریباً 2 سال قبل منیشا کوئرالہ نے ’ہیرا منڈی‘ ویب سیریز کے ذریعے او ٹی ٹی کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس نیٹ فلکس سیریز میں انہوں نے ’ملکہ جان‘ کا کردار نبھایا تھا جسے بے حد سراہا گیا۔ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کو یکم مئی کو 2 سال مکمل ہو جائیں گے، تاہم اس سالگرہ سے چند ماہ قبل ہی باصلاحیت اداکارہ منیشا کوئرالہ نے اپنی اگلی فلم ’رازدار‘ پر کام شروع کر دیا۔ذرائع کے مطابق ہیرا منڈی میں منیشا کوئرالہ کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا اور ان کے پاس پیشکشوں کے ڈھیر لگ گئے، مگر اداکارہ واضح تھیں کہ وہ صرف مضبوط اور جاندار کردار ہی قبول کریں گی اور ہم خیال لوگوں کے ساتھ کام کریں گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ منیشا کوئرالہ کی ایک نوجوان اداکار کے ساتھ فلم کیلیے بات چیت آخری مراحل میں تھی لیکن وہ بات بن نہ سکی اور بعد میں وہ فلم ہی روک دی گئی، اسی دوران انہیں ’رازدار‘ کی پیشکش ہوئی جو ان کے تمام معیار پر پوری اتری اور یوں انہوں نے یہ فلم سائن کر لی۔‘باکس آفس ورلڈ وائیڈ کے مطابق فلم ’رازدار‘ کی شوٹنگ رواں سال کے شروع میں شروع ہوئی تھی، فلم کی ٹیم نے بھوپال، مدھیہ پردیش میں 25 دن کا شوٹنگ شیڈول مکمل کیا اور پھر ممبئی میں 10 دن تک عکس بندی کی۔