خدارا ہمارے بچوں کو بچائیں سونیا حسین کی حکام سے اپیل

کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ سونیا حسین نے خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد اور جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر حکام سے موثر اور سنجیدہ اقدامات کرنے کی اپیل کر دی۔انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سونیا حسین نے اپنی پوسٹ کو ہمارے حکام سے ایک اپیل کا عنوان دیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ مزید کتنی معصوم جانوں کے ضیاع کے بعد سخت اقدامات کیے جائیں گے؟اداکارہ نے کہا ہے کہ معاشرہ ایسے واقعات کو محض انفرادی جرائم سمجھ کر نظر انداز کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکام کو ان واقعات کے پیچھے موجود ممکنہ نیٹ ورکس، پلیٹ فارمز اور ذرائع کی بھی تحقیقات کرنی چاہئیں جو بچوں کے استحصال میں سہولت کاری یا اس سے فائدہ اٹھا رہے ہوں۔انہوں نے ویڈیو میں پاکستان میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد سے متعلق اعداد و شمار بھی بیان کیے۔سونیا حسین نے ہری پور میں 5 سالہ بچے کی مبینہ اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات پر کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار ہوتا ہے، لیکن پھر توجہ کسی اور معاملے کی جانب منتقل ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے وقتی ردِعمل کے بجائے موثر روک تھام، ذمے داروں کا احتساب اور طویل مدتی اقدامات کی ضرورت ہے۔اداکارہ نے اسلام آباد کے اسپتال پمز میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے اداروں کی حفاظت، ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی صلاحیت اور ذمے داروں کے احتساب سے متعلق بھی سوالات اٹھائے ہیں۔