اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے پاکستانی بندرگاہوں کی کارکردگی، کارگو ہینڈلنگ اور تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات پر عملی پیش رفت شروع کردی ہے۔ بندرگاہی نظام میں جدید سہولیات، مؤثر انتظامی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کارگو ہینڈلنگ کا عمل تیز، شفاف اور مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ بندرگاہی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کی غرض سے عالمی معیار کا خصوصی تربیتی ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) سمیت متعلقہ ادارے پاکستانی بندرگاہوں کے نظام میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔ اصلاحاتی منصوبے کے تحت بندرگاہوں، آف ڈاک ٹرمینلز، کسٹمز اسٹیشنز اور تجارتی نظام کی سالانہ اور اچانک معائنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت بندرگاہی معائنہ گاہوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور محفوظ ماحول فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، جس سے کارگو کے معائنے اور کلیئرنس کے عمل میں تیزی لانے کے ساتھ آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔کسٹمز رولز کے تحت معائنہ مراکز کی اپ گریڈیشن، 24 گھنٹے آپریشن اور جدید اسکیننگ سہولیات کی فراہمی بھی اصلاحاتی اقدامات کا حصہ ہے۔ جدید آلات، سی سی ٹی وی نگرانی اور بہتر سیکیورٹی انتظامات کے ذریعے کارگو معائنے کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنانے کی تجویز دی گئی ہے