دنیا کے بیشتر ممالک میں اگلے ماہ سرخ چاند (بلڈ مون) کا دلفریب نظارہ کیا جائے گا۔
یہ مظاہرہ دراصل ایک مکمل چاند گرہن ہوگا جو 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب وقوع پذیر ہوگا۔ اس دوران چاند کا رنگ سرخی مائل ہوجائے گا، جسے عرف عام میں بلڈ مون کہا جاتا ہے۔
بلڈ مون کیوں ہوتا ہے؟
ماہرین فلکیات کے مطابق:چاند گرہن اس وقت لگتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے۔زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزرنے کے دوران سورج کی براہ راست روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔زمینی فضا سے گزرتے وقت لال روشنی زیادہ مڑتی ہے جبکہ نیلی روشنی فلٹر ہوجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرہن کے دوران چاند سرخ یا نارنجی رنگ کا دکھائی دیتا ہے، جسے "بلڈ مون" کہا جاتا ہے۔
کب اور کہاں نظر آئے گا؟
گرہن کا آغاز 7 ستمبر کی شب 8 بج کر 28 منٹ پر ہوگا۔
یہ نظارہ 8 ستمبر کی رات 1 بج کر 55 منٹ تک جاری رہے گا۔
اس دوران 82 منٹ تک مکمل گرہن قائم رہے گا۔
کن ممالک میں مکمل نظارہ ممکن ہوگا؟
پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، وسطی ایشیا، روس کے مختلف علاقے، جاپان اور مشرقی افریقہ میں مکمل بلڈ مون کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔یورپ، مشرقی آسٹریلیا، افریقا اور نیوزی لینڈ کے بیشتر حصوں میں جزوی چاند گرہن دکھائی دے گا۔امریکا میں یہ نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔
ماہرین کی رائے
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ:یہ گرہن اس دہائی کے سب سے زیادہ نظر آنے والے مکمل چاند گرہن میں شمار ہوگا۔دنیا کی تقریباً 88 فیصد آبادی اسے دیکھ سکے گی۔یہ ایک نادر موقع ہوگا، خاص طور پر پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے شائقین فلکیات کے لیے۔