وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے اور ادائیگی کے لیے توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں حالیہ سیلاب آیا ہے وہاں کے صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ان کے بجلی بلوں میں ادائیگی کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ مزید بوجھ کا شکار نہ ہوں۔اویس لغاری نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان کے تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین 70 فیصد ڈسکاونٹ پر بجلی حاصل کر رہے ہیں، جب کہ بہت سے صارفین نے سولر پینل نصب کر کے اپنی کھپت کو 200 یونٹ سے نیچے لا دیا ہے، جس کی وجہ سے ان کے بجلی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ نیٹ میٹرنگ کے نظام کے تحت مستقبل قریب میں یہ صارفین بجلی پیدا کر کے "آئی پی پیز" (انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کی حیثیت اختیار کر لیں گے، تاہم اس کا اثر یہ بھی ہوگا کہ نیٹ میٹرنگ کے باعث 4 روپے فی یونٹ کا اضافی بوجھ باقی صارفین پر منتقل ہوگا۔اویس لغاری نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ایک طرف بجلی کی لاگت کم ہو اور دوسری جانب پائیدار توانائی کے ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔