سکاٹ لینڈ کے جزیرے ہیرس میں جوڑوں کیلئے منفرد ملازمت کا موقع

سکاٹ لینڈ کے جزیرے ہیرس میں جوڑوں کیلئے منفرد ملازمت کا موقع

سکاٹ لینڈ کے حسین جزیرے ہیرس (Harris) میں جوڑوں اور دوستوں کے لیے ایک منفرد ملازمت کا موقع دستیاب ہے جہاں نہ صرف روزگار بلکہ رہائش اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آؤٹر ہیبریڈیز (Outer Hebrides) کے مشہور ہوٹل ہیبریڈیز (Hotel Hebrides) نے بار اور ریسٹورنٹ کے لیے لائیو اِن اسٹاف کی آسامیوں کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان ملازمتوں کے لیے ترجیح ایسے جوڑوں یا قریبی دوستوں کو دی جائے گی جو ایک ساتھ رہائش اختیار کرنے کے خواہاں ہوں۔

مراعات اور سہولتیں
اشتہار کے مطابق منتخب امیدواروں کو فی گھنٹہ 12.21 پاؤنڈ تنخواہ دی جائے گی اور ساتھ ہی ہفتہ وار شاندار ٹپس بھی ملیں گی۔ یہ فل ٹائم ملازمت ہوگی جس میں ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 50 گھنٹے کام شامل ہوگا۔اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے ملازمین کو درج ذیل سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی:

مفت رہائش
کھانا
پارکنگ
اسٹاف ڈسکاؤنٹس
پینشن پلان
کام کی جگہ اور ماحول
ہوٹل ہیبریڈیز ہیرس کے مرکزی علاقے ٹاربَرٹ (Tarbert) میں واقع ہے جو فیری پورٹ ہونے کے ساتھ ساتھ جزیرے کا سب سے بڑا گاؤں بھی ہے۔ اس علاقے میں مشہور سی فوڈ ریسٹورنٹس، کیفے، دکانیں اور آئل آف ہیرس ڈسٹلری بھی موجود ہیں۔جزیرہ ہیرس اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں موجود لسکنٹائر بیچ (Luskentyre Beach) کو دنیا کے پانچ بہترین ساحلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس کی سفید ریت اور نیلا پانی سیاحوں کو مسحور کر دیتا ہے۔