وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے مزید چار اضلاع میں واسا ایجنسیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق نئے شامل ہونے والے اضلاع میں مری، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور گجرات شامل ہیں۔
بورڈ آف گورنرز کی تشکیل
یہ اقدام پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت کیا گیا ہے جس کے تحت ہر واسا ایجنسی کے لیے ایک بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا گیا ہے۔
بورڈ کی سربراہی ایک چیئرپرسن کرے گا۔
بورڈ میں محکمہ ہاؤسنگ، فنانس، لوکل گورنمنٹ اور پی اینڈ ڈی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
نمائندوں کا انتخاب متعلقہ محکمے خود کریں گے۔
صوبائی اسمبلی کے 2 اراکین (ایک مرد اور ایک خاتون) بھی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، پنجاب واسا اتھارٹی کے نمائندے اور 3 تکنیکی ماہرین بھی شامل کیے جائیں گے۔
متعلقہ ایم ڈی واسا بورڈ کا سیکرٹری ہوگا۔
مجموعی صورتحال
ترجمان کے مطابق صوبے کے 10 اضلاع میں واسا ایجنسیوں کا قیام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مزید 4 کی تشکیل کا عمل جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہروں میں پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔