اداکارہ مایا علی کا کہنا ہے کہ قسمت کے فیصلے خدا کے ہاتھ میں ہیں، شادی بھی جب خدا چاہیں گے تب ہوگی، وہ کسی کے دباؤ میں آ کر ایسا اہم فیصلہ کرنے پر یقین نہیں رکھتیں۔
شادی اور محبت پر گفتگو
مایا علی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی، شادی اور محبت کے موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بھی زندگی میں محبت کی ہے، لیکن یہ ضروری نہیں کہ ہر محبت کا انجام کامیابی پر ہی ہو۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ جن سے انہوں نے محبت کی، وہ ان کے لیے موزوں نہ ہوں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ محبت میں ہمیشہ دوسرا شخص ہی غلط نہیں ہوتا، بعض اوقات خود وہ بھی کسی کے لیے درست ثابت نہیں ہو پاتیں۔
"محبت اچھی چیز ہے"
مایا علی نے کہا کہ محبت ایک خوبصورت جذبہ ہے اور ہر انسان اس سے گزرتا ہے۔ "میں نے بھی محبت کی ہے اور اس کا انکار نہیں کرتی، لیکن یہ سوچنا ضروری ہے کہ محبت صحیح انسان سے ہوئی یا غلط سے۔"
شادی کے سوال پر ردعمل
شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر مایا علی کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس لیے شادی نہیں کرسکتیں کہ لوگ انہیں بار بار مشورے دیتے ہیں یا کہتے ہیں کہ "عمر نکل رہی ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کے دباؤ میں آکر اپنی زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ ہرگز نہیں لیں گی۔اداکارہ نے کہا کہ جو لوگ بار بار شادی کے مشورے دیتے ہیں، وہی خدا پر ایمان رکھنے کا دعویٰ بھی کرتے ہیں، تو انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ شادی بھی خدا کی مرضی سے ہوتی ہے، جب اللہ چاہیں گے تو ان کی شادی بھی ہوجائے گی۔
خاموش مسکراہٹ
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اب تک انہیں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس سے وہ شادی کرتیں، تو اس سوال پر مایا علی نے کوئی جواب نہیں دیا اور صرف خاموشی سے مسکراتی رہیں۔