پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے اپنی شادی نہ کرنے اور سنگل ہونے کے بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔
مایا علی، جو کئی کامیاب ڈراموں اور فلموں جیسے طیفا ان ٹربل اور پرے ہٹ لو میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے رمضان خصوصی شو میں اپنی شادی کے بارے میں سوالات کا جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں جلدبازی نہیں کرنا چاہتیں اور اپنے سنگل اسٹیٹس پر کھل کر بات کی۔ مایا علی نے بتایا کہ ان پر خاندان کی جانب سے شادی کا کوئی دباؤ نہیں ہے اور وہ شادی کے لیے بالکل تیار ہیں، مگر انہوں نے اس کا کوئی وقت مقرر نہیں کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ وہ اس وقت شادی کریں گی جب انہیں صحیح شخص ملے گا۔مایا علی نے یہ بھی بتایا کہ ان کی والدہ شادی کو لے کر بعض اوقات فکر مند ہو جاتی ہیں، مگر ان کے بھائی اور کزنز ہمیشہ ان کی حمایت کرتے ہیں اور والدہ کو سمجھاتے ہیں کہ مایا کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے دیا جائے۔
مایا علی نے اپنی پسند کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شخص کو اپنا جیون ساتھی بنائیں گی جو ان کی والدہ کا احترام کرے، ان کے کام کو سمجھے اور اس کی قدر کرے، نیز ان کی زندگی اور کیریئر کو سپورٹ کرے۔مایا علی کے اس انکشاف کے بعد ان کے مداحوں نے ان کی سوچ کی تعریف کی اور سوشل میڈیا پر یہ کہا کہ مایا کو اپنی زندگی کے فیصلے خود لینے کا مکمل حق ہے اور انہیں صرف اس وقت شادی کرنی چاہیے جب وہ خود اس کے لیے تیار ہوں۔