بھارت کی طرف سے پانی چھوڑنا کھلی آبی دہشتگردی ہے:رمیش سنگھ

چند دنوں میں گوردوارہ کرتارپور صاحب کو دوبارہ یاتریوں کے لئے کھول دیا جائے گا
 پاک فوج اور ریسکیو اہلکاروں کی دن رات کی کاوشیں رنگ لے آئیں:صوبائی وزیر اقلیتی امور 
لاہور(آئی این پی)صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے  سکھ کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی بھارتی کوشش ناکام ہو گئی، گوردوراہ کرتار پور صاحب سے سو کے قریب یاتری اور مقامی افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دئیے گئے۔اپنے ایک بیان میں رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاک فوج اور ریسکیو اہلکاروں کی دن رات کی کاوشیں رنگ لے آئیں، گوردوارہ کرتارپور صاحب میں تاریخی گرنتھ اور قیمتی اشیا محفوظ ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں نے ریسکیو آپریشن کامیاب بنایا، بھارتی حکومت کی آبی جارحیت نے پاکستان کے کئی علاقوں کو ڈبو دیا، بھارت کی طرف سے پانی چھوڑنا کھلی آبی دہشتگردی ہے۔چند دنوں میں گوردوارہ کرتارپور صاحب کو دوبارہ یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا، دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مایوس نہیں کریں گے۔