اقتصادی رابطہ کمیٹی یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کو واجبات دینے کیلئے30ارب21 کروڑ کا پیکیج منظور

یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثے رواں مالی سال ہی فروخت کرنے کی منظوری دی گئی‘ ملازمین کے واجبات اور مراعات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی
 فروخت سے حاصل آمدن سے بندش کے اخراجات پورے کئے جائیں گے، ملازمین کے حقوق اور فلاح کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے:اجلاس میں فیصلے
اسلام آباد(آن لائن)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کی تکمیل کیلئے 30.216ارب روپے کا پیکج منظور کر لیا ہے اوریوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثے رواں مالی سال ہی فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے لیے پیکج کی سمری وزارت صنعت و پیداوار نے پیش کی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بندش کے عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کا فیصلہ کر تے ہوئے یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثے رواں مالی سال ہی فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے واجبات اور مراعات کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ ای سی سی کی جانب سے کہا گیا کہ فروخت سے حاصل آمدن سے بندش کے اخراجات پورے کیے جائیں گے، ملازمین کے حقوق اور فلاح کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسٹورز کے واجبات، معاوضے اور بقایاجات فوری ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، جام کمال خان اور دیگر اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔بندش کے عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اوریوٹیلٹی اسٹورز کے اثاثے موجودہ مالی سال میں ہی فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔