ہماری حکومت نے نااہل افراد کو عہدوں سے برطرف کر دیا :سہیل آفریدی

ہماری حکومت نے نااہل افراد کو عہدوں سے برطرف کر دیا :سہیل آفریدی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نااہل افراد کو عہدوں سے ہٹا کر بڑے اور چھوٹے “مگرمچھوں” کی کرپشن کا راستہ روکا ہے، جبکہ انتظامی نظام میں شفافیت لانے کے لیے سخت فیصلے کیے گئے ہیں۔

پشاور میں سینٹر آف ایکسیلنس فار ڈیجیٹل اینڈ ہائی ٹیک اسکلز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کی علمی اور عملی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام شروع کیے جانے چاہئیں تاکہ انہیں عالمی معیار کے مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے طویل دورانیے نے خیبر پختون خوا کو تعلیمی میدان میں شدید نقصان پہنچایا، یہی وجہ ہے کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات لا رہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے مطابق صوبے میں 16 ہزار اساتذہ بھرتی کیے جا رہے ہیں تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار بہتر بنایا جا سکے اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو بھی بہتر تعلیم فراہم ہو۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کسی بھی سرکاری محکمے میں کرپشن کا شبہ ہو تو عوام براہِ راست شکایت کریں کیونکہ حکومت کے دروازے احتساب کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلم، تعلیم اور شعور کے ذریعے فرسودہ نظام کو بدلنا ان کی حکومت کا مشن ہے اور خیبر پختون خوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق نوجوان نسل کو بااختیار بنانے پر کام کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ان سے ملاقات نہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔