گرمی کازورٹوٹ گیا ، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23 سینٹی گریڈرہا
موسیٰ خیل ، نصیر آباد اور جعفر آباد میں ہلاکتیں آسمانی بجلی سے ہوئیں
لاہور،کوئٹہ، ڈیرہ مراد جمالی(خصوصی رپورٹ )لاہورسمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 4افرادجاں بحق ہوگئے،تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح اورپھر شام کو لاہور اورگردونواح میں بارش کے باعث گرمی کازورٹوٹ گیا ، لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23اور زیادہ سے زیادہ36سینٹی گریڈرہا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 36فیصدریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،ڈی جی خان ،بہاولپور ،بہاولنگر میں بھی بادل برسے اوردرجہ حرارت میں کمی ہوئی ،بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 4افراد جاں بحق ہوگئے، پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں موسیٰ خیل ، نصیر آباد اور جعفر آباد میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ،تمبو کے علاقے میں آسمانی بجلی سے آٹھ سالہ علی رضا جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوا/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔