شہر قائد کے ضلع کورنگی میں ریستوران پر مسلح ڈاکوؤں کا دن دہاڑے حملہ، شہریوں سے نقدی و موبائل فونز لوٹ لیے گئے .
ضلع کورنگی کے عوامی کالونی میں واقع ایک ریستوران پر حالیہ دنوں میں خوفناک واردات ہوئی، جہاں مسلح ڈاکوؤں کا گروہ بے خوفی سے داخل ہوا اور لوٹ مار کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے سب سے پہلے سیکیورٹی گارڈ کو قابو میں لیا اور اس کا اسلحہ چھین لیا۔ اس کے بعد انہوں نے شہریوں کو یرغمال بنا کر موبائل فونز اور نقدی لوٹ لی۔ عینی شاہدین کے مطابق، واردات کے دوران ڈاکوؤں نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس کے مطابق، ملزمان نے تقریباً 50 سے 55 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں درج کیا گیا ہے، مگر اس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں، جس پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر بلا خوف سرگرم ہیں۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان چہروں پر کپڑا (ڈھاٹا) باندھ کر آتے ہیں، جو ماضی میں اندرون سندھ کے کچے کے علاقوں میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کا طریقہ کار تھا، مگر اب شہر کے گنجان علاقوں میں بھی یہی رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایسے گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے تاکہ عوام محفوظ رہ سکیں۔