زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری معیشت کیلئے مثبت ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

ملکی معیشت کو استحکام دینے میں آئی ٹی کا بڑا کردار، اسلامی بینکاری معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریگی،جمیل احمد کا خطاب 
 کراچی (آئی این پی  )گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری معیشت کیلئے مثبت ہے،ملکی معیشت کو استحکام دینے میں آئی ٹی کا بڑا کردار ہے، آئی ٹی سیکٹر سے رقوم کی ادائیگیوں میں توازن بہتر ہوا ہے، ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور اسلامک بینکنگ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی جانب منتقلی ایک اہم پیشرفت ہے جو معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔جمیل احمد کا کہنا تھا کہ تین سال قبل پاکستان کی معیشت کو شدید چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم حکومت اور اسٹیٹ بینک کے بروقت اقدامات کے باعث معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مارچ میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 0.7فیصد پر آگئی تھی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 11ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 2022میں پاکستان پر غیر ملکی قرضہ 100ارب ڈالر تھا، مگر گذشتہ تین سالوں کے دوران بڑی حد تک قرضہ اتارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے استحکام سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔اسلامی بینکاری کے حوالے سے جمیل احمد نے بتایا کہ مارچ تک اسلامی بینکوں کے مجموعی اثاثے 11,300ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ اسلامی بینکوں کے ڈیپازٹس 8,400ارب روپے سے زائد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اسلامی بینکنگ برانچز کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی بینکاری کے نظام کو مزید وسعت دے کر معیشت کو اسلامی اصولوں پر استوار کیا جا سکے گا۔