بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں چل بسیں

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں چل بسیں

بھوپال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، پولیس نے واقعے کو خودکشی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

نِدھی تیواری کے فیس بک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً 16 لاکھ فالوورز تھے۔ وہ وِندھیا خطے کی نمایاں سوشل میڈیا شخصیات میں شمار ہوتی تھیں، جہاں ان کی پوسٹس پر ہزاروں ردعمل اور ویڈیوز پر لاکھوں ویوز آتے تھے۔نِدھی کی لاش ہفتے کے روز بھوسا موڑ میں واقع ان کے گھر سے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ اہلخانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔مقامی افراد کے مطابق نِدھی تیواری اداکاری اور فلمی دنیا میں کیریئر بنانے کی خواہش مند تھیں۔ وہ ماڈلنگ، مختلف تقریبات اور ڈیجیٹل مواد سے بھی وابستہ رہیں جبکہ 2024 میں انہوں نے ’مس پریٹی انڈیا‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

اہلخانہ کے مطابق نِدھی واقعے سے قبل ہفتے کی شام کسی شخص سے فون پر بات کر رہی تھیں۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ موت کی وجوہات کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔پولیس کے مطابق نِدھی کی فون کالز، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور واقعے سے قبل کے حالات سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ اہلخانہ، دوستوں اور نِدھی سے وابستہ دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔