آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر مکمل کنٹرول حاصل ہے: ایرانی کمانڈر

آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر مکمل کنٹرول حاصل ہے: ایرانی کمانڈر

تہران: ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی افواج کو آبنائے ہرمز اور خلیج فارس پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجی تیاریاں مکمل ہیں۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا مغربی حصہ، خود آبنائے ہرمز اور خلیج فارس اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے اور شمالی بحرِ ہند پر ایرانی فوج کی بحریہ کا کنٹرول ہے۔ ان کے مطابق ایرانی افواج بحیرۂ عمان کے شمالی حصے اور آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں بھی بھرپور طاقت کے ساتھ موجود ہیں اور کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ہر جنگ فوج کے لیے نئے تجربات اور اسباق کا باعث بنتی ہے، جن کی بنیاد پر فوج اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے۔ ان کے بقول ایرانی فوج نے اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرلی ہے اور انہیں دور کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ریئر ایڈمرل سیاری نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج ماضی کے مقابلے میں زیادہ تیار ہے اور مستقبل میں سامنے آنے والے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔آبنائے ہرمز ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کا اہم مرکز ہے۔ حالیہ دنوں میں اس آبی راستے سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ایران نے آبنائے کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کو اپنی شرائط اور امریکی فوجی دباؤ میں کمی سے مشروط کیا ہے۔ایرانی کمانڈر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ مذاکرات، جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔