مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے خطے کی آزادی، خودمختاری اور غیر ملکی مداخلت کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کے جاری کردہ نئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے اور امریکا کے منصوبوں کی ناکامی کے بعد خلیج فارس میں نئی اسٹریٹجک صورتحال جنم لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کی کشیدگی اور امریکی حکمت عملی کی ناکامی کے بعد خطہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جہاں طاقت کے توازن میں تبدیلی واضح دکھائی دے رہی ہے۔مجتبیٰ خامنہ ای کے مطابق آبنائے ہرمز ایک اسٹریٹیجک اثاثہ ہے جس نے صدیوں سے بڑی طاقتوں کی توجہ اور لالچ کو اپنی جانب کھینچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس نہ صرف علاقائی اقوام کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ آبنائے ہرمز اور بحیرۂ عمان کے ذریعے عالمی معیشت کے لیے ایک منفرد اور انتہائی اہم تجارتی راستہ بھی فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہرمز صرف ایک آبی گزرگاہ نہیں بلکہ ایرانی شناخت، تہذیب اور قومی وقار کا حصہ ہے۔مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ خلیج فارس مسلم اقوام خصوصاً ایران کے عوام کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جبکہ اسلامی انقلاب نے خطے میں مغربی طاقتوں کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ایران خلیج فارس کے ساتھ سب سے طویل ساحلی پٹی رکھتا ہے اور اسی وجہ سے ایرانی قوم نے اس خطے کی آزادی اور غیر ملکی مداخلت کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔