رحیم یارخان(خصوصی رپورٹ)دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقہ ناناصاحب زیارت میں سڑک کی تعمیر کرنے والی سلطان سلمان کمپنی کے کیمپ پر حملہ کرکے مجموعی طور پر 18 مزدوروں کو اغوا کرلیا، جن میں رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد کے علاقہ چوک چدھڑ کی بستی متھ خان ڈاہر، موضع الہ آباد کے 8 مزدور بھی شامل ہیں۔ مغوی مزدوروں کا تعلق ڈاہر برادری سے بتایا جاتا ہے۔ اغوا ہونے والوں میں سکندر ڈاہر، نعمان ڈاہر، ثمن ڈاہر، نعیم خان ڈاہر، سمیع خان ڈاہر، آفتاب ڈاہر، باسط علی ڈاہر اور ارشاد احمد ڈاہر شامل ہیں۔ ان میں چار مزدور حقیقی بھائی ہیں۔ واقعے کے بعد مغوی مزدوروں کے اہل خانہ شدید پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔