ریسٹورنٹس کے خلاف سکشن ہْڈز کی عدم تنصیب پر کریک ڈاؤن شروع ، اب تک 500 سے زائد ریسٹورنٹس سیل کیے جا چکے ہیں:ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول عبداللہ
لاہور(سپیشل رپورٹر)ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے سکشن ہْڈز کے بغیر چلنے والے تمام میرج ہالز، بینکوئٹ ہالز اور میرج مارکیز کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بغیر مؤثر اور فعال سکشن ہْڈز کے کام کرنے والے میرج ہالز کو بند اور سیل کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق میرج ہالز کو کچن سے پیدا ہونے والے دھوئیں اور آلودہ اخراج کی روک تھام کے لیے سکشن ہْڈز کی تنصیب کا حکم پہلے ہی دیا جا چکا تھا، جبکہ 31 جنوری 2026 اس حوالے سے دی گئی مہلت کی آخری تاریخ تھی۔ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد اب مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کے خلاف براہ راست کارروائی ہوگی۔ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیر شیخ نے فیلڈ افسران کو صوبہ بھر میں میرج ہالز کی سخت نگرانی اور چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سکشن ہْڈز کی تنصیب نہ کرنے والے میرج ہالز کو اب بندش، سیلنگ اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے واضح کیا ہے کہ صرف سکشن ہْڈ نصب کرنا کافی نہیں بلکہ اس کا مؤثر اور فعال ہونا بھی لازمی ہے۔ غیر مؤثر، غیر فعال یا ناکافی سکشن ہْڈز استعمال کرنے والے میرج ہالز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے ریسٹورنٹس کے خلاف سکشن ہْڈز کی عدم تنصیب پر کریک ڈاؤن پہلے ہی شروع کر رکھا ہے اور اب تک 500 سے زائد ریسٹورنٹس سیل کیے جا چکے ہیں۔حکام کے مطابق ریسٹورنٹس کے خلاف جاری کارروائی اس امر کا واضح اظہار ہے کہ محض نوٹسز اور مہلت کے بجائے اب ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر براہ راست کارروائی کی جا رہی ہے۔