پی ٹی آئی لانگ مارچ، اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات پر کروڑوں کے اخراجات

1550 کنٹینرز کا یومیہ کرایہ 4 کروڑ 65 لاکھ روپے ، اسلام آباد میں اضافی پولیس نفری موجود، سیکیورٹی اخراجات ایک ارب روپے سے تجاوز کا امکان ہے
سیکیورٹی انتظامات کیلئے 70 کوسٹرز اور 30 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہیں،یومیہ کرایہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے، 30 ڈبل کیبن گاڑیوں کا یومیہ کرایہ 3 لاکھ روپے ہے
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات پر روزانہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کا تخمینہ سامنے آگیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے ما رچ 4 اکتوبر تک موخر کئے جانے کے باوجود اسلام آباد میں کنٹینرز اور اضافی پولیس نفری موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کے لئے اسلام آباد میں 1550 کنٹینرز لگائے گئے ہیں،جن کا یومیہ کرایہ 4 کروڑ 65 لاکھ روپے بنتا ہے،کنٹینرزکا ایک ہفتے کا کرایہ 32 کروڑ 55 لاکھ جبکہ دو ہفتوں کا خرچ 65 کروڑ 10 لاکھ روپے ہو گا۔اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کے لئے 82 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں،جبکہ مجموعی سیکیورٹی اخراجات ایک ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔پنجاب سے 16 ہزارپولیس اہلکارطلب کئے گئے ہیں،پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے کھانے پر روزانہ 96 لاکھ روپے اور ایک ہفتے میں 6 کروڑ 72 لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے،جبکہ سندھ پولیس کے کھانے پر دو ہفتوں میں ایک کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔سیکیورٹی انتظامات کیلئے 70 کوسٹرز اور 30 ڈبل کیبن گاڑیاں بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ 70 کوسٹرزکا یومیہ کرایہ 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 30 ڈبل کیبن گاڑیوں کا یومیہ کرایہ 3 لاکھ روپے ہے۔