نگران حکومت کی مدت90 کے بجائے120روز کردی جائے الیکشن کمیشن کی سفارش

 اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں انتخابات 90 کے بجائے 120 روز میں کرائے جائیں، انتخابی مہم کا وقت بھی 28 روز سے بڑھا کر 45 روز  کیا جائے
 عام انتخابات کی تیاری کی مدت بڑھانے کا مقصد بھرپورشفافیت کو یقینی بنانا ہے‘ تمام ہائیکورٹس کو انتخابات کیلئے جوڈیشل افسروں کی فراہمی کیلئے پابند کیا جائے:سفارشات
اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے نگران حکومت کی مدت بڑھانے سے متعلق آئین میں ترمیم کی سفارش کر دی۔الیکشن کمیشن  نے آئین کے آرٹیکل 224 ون میں ترمیم کی سفارش کی، الیکشن کمیشن لیگل ریفارم کمیٹی نے سفارشات وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کر دیں۔سفارش میں کہا گیا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں انتخابات 90 کے بجائے 120 روز میں کرائے جائیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی کی مدت ختم ہونے پر انتخابات 60 کے بجائے 90 روز میں کرانے کی سفارش کی گئی، اس کے علاوہ انتخابی مہم کا وقت بھی 28 روز سے بڑھا کر 45 روز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شیڈول اور عدالتی کارروائیوں کے باعث بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، عام انتخابات کی تیاری کی مدت بڑھانے کا مقصد بھرپورشفافیت کو یقینی بنانا ہے۔الیکشن کمیشن نے آئندہ عام  انتخابات میں جوڈیشل افسران کو بطورریٹرننگ افسران لگانے اور ہر حلقے کیلئے الگ ریٹرننگ افسر  کی شرط ختم کرنے کی تجویز دے دی۔الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی سے متعلق حکومت کو بھجوائی گئی سفارشات میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت  الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جوڈیشل افسران کی  بطور  آر او فراہمی یقینی بنائے۔الیکشن کمیشن سفارشات کے مطابق تمام ہائیکورٹس کو انتخابات کیلئے جوڈیشل افسران کی فراہمی کیلئے پابند کیا جائے، جوڈیشل افسران کو قانون اور انتخابی امور کی زیادہ آگاہی ہوتی ہے