اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگا ہ کیا ہے پانچ ہفتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔وکیل پی پی پی نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن بورڈ تشکیل دے دیا ہے، پانچ ہفتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ممبر کے پی نے سوال کیا کہ پارٹی کا چیئرمین کون ہے؟ وکیل نے بتایا کہ بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ ممبر کے پی نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو کس جماعت سے رکن اسمبلی ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ بلاول پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے، دونوں جماعتوں کا آپس میں ایم او یو ہے۔حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن جنوری 2025 میں کروانے تھے اور ہم نے پیپلز پارٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔