سیلاب : پنجاب میں ضمنی انتخابات ملتوی
لاہور ،وزیرآباد،فیصل آباد،ساہیوال،سرگودھا،میانوالی میں ضمنی الیکشن 18 ستمبر اور 5 اکتوبر کو شیڈول تھے،نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا، سرکاری عملہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہے:الیکشن کمیشن ،میٹرک کے امتحانات بھی 29ستمبر تک ملتوی
اسلام آباد ،لاہور(خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے سیلابی صورتحال پرپنجاب میں قومی اسمبلی کے 5اور پنجاب اسمبلی کے 4حلقوں کے ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے،الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سرکاری عملہ ریلیف آپریشن میں مصروف جبکہ الیکشن موخر کرنیکی درخواست پنجاب حکومت نے بھی کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ این اے 66 وزیر آباد، این اے 96 اور این اے 104 فیصل آباد،،این اے 129لاہور اور این اے 143 ساہیوال،صوبائی اسمبلی کے حلقیپی پی 73 سرگودھا،پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال کے ضمنی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔ضمنی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے کہا ضمنی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے شیڈول بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ لیکن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پرضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔سیلاب سیپنجاب میں سرکاری اور نجی انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے جن میں سرکاری سکولز کی عمارات بھی شامل ہیں۔ یہ عمارتیں پولنگ سٹیشن کے قیام اور الیکشن ریکارڈ سٹور کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریسکیو اور ریلیف اپریشن میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ کے لیے الیکشن ڈیوٹی انجام دینا مشکل ہے۔کچھ حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے آگاہ کیا ہے کہ پولنگ سٹاف ریلیف آپریشنز میں مصروف ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرو ں نے نئے پولنگ افسروں کی تقرری کی درخواست کی ہے۔پنجاب حکومت نے بھی ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی درخواست کی۔ متعلقہ حلقوں کی آبادیاں سیلاب کے باعث بے گھر ہیں۔ متاثرہ حلقوں کے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔ حالات معمول پر انے کے بعد الیکشن عمل کا دوبارہ آغاز کر دیا جائے گا۔خیال رہے پنجاب میں این اے 129 کی نشست میاں اظہر کی وفات جبکہ باقی آٹھ نشستیں نومئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی نااہلی سے خالی ہوئی تھیں،ان حلقوں میں الیکشنز 18 ستمبر اور 5 اکتوبر کو شیڈول تھے۔دریں اثنا سیلاب کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے 10 ستمبر سے شروع ہونے والے میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات ملتوی کردئیے گئے۔اب امتحانات 29 ستمبر سے شروع ہونگے۔سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا،جسکا اطلاق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر ہوگا۔