پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ آئینہ آصف اور اداکار اذان سمیع خان کے نئے ڈرامے کا پہلا ٹیزر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دونوں کی جوڑی موضوعِ بحث بن گئی۔
ڈرامے میں دونوں فنکار رومانوی کرداروں میں ایک دوسرے کے مقابل نظر آئیں گے، تاہم ٹیزر سامنے آنے کے بعد ناظرین کی جانب سے ان کی جوڑی پر مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ڈرامے کے مختصر ٹیزر میں آئینہ آصف اور اذان سمیع خان کی جھلک دکھائی گئی ہے، جس کے بعد مداحوں نے دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری اور کرداروں کے انتخاب پر تبصرے شروع کردیے۔ جہاں کچھ صارفین نئے پراجیکٹ کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں کئی افراد نے دونوں اداکاروں کے درمیان عمر کے فرق کو موضوع بنایا ہے۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آئینہ آصف اپنے ساتھی اداکار کے مقابلے میں خاصی کم عمر دکھائی دیتی ہیں، اس لیے انہیں رومانوی جوڑی کے طور پر پیش کرنے کا فیصلہ مناسب محسوس نہیں ہوتا۔
بعض صارفین نے اداکارہ کو مستقبل میں اسکرپٹ اور کرداروں کے انتخاب میں زیادہ احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا۔کچھ ناظرین نے یہ رائے بھی دی کہ ڈرامے میں وشمہ فاطمہ کا کردار آئینہ آصف کے لیے زیادہ موزوں ہوسکتا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آرا سامنے آرہی ہیں اور کئی صارفین ڈرامے کی مکمل کہانی اور کرداروں کی نوعیت سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ڈرامے کی ہدایتکاری علی فرحان انچن نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی زاہد خان نے تحریر کی ہے۔ دیگر کاسٹ میں سدرہ نیازی، وشمہ فاطمہ، نوال پرویز ملک اور نوشین شاہ شامل ہیں۔