فیکٹری ورکرز کو منشیات سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار

 پھول نگر پولیس نے 4ملزموں سے 8 کلوسے زائد چرس بر آمدکرلی
قصور(خصوصی رپورٹ)فیکٹری ورکرز کو منشیات سپلائی کرنیوالے گروہ کے 4 ارکان گرفتار، تفصیل کے مطابق تھانہ صدر پھول نگر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کیے گئے کریک ڈا ئون کے دوران فیکٹری ورکرز کو منشیات سپلائی کرنیوالے گروہ کے 4 ارکان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضہ سے 8 کلوگرام سے زائد چرس بر آمدکرلی اور ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت کانویں ملیاں کے رہائشی مظہر عرف مظہری، بہاولپورکے رہائشی کاشف، خانکے کے رہائشی عامر عرف عامری اور جمبر کے رہائشی یعقوب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے منشیات سپلائی کا ایک گروہ تشکیل دے رکھا تھا جو پھولنگر کی حدود میں فیکٹریز ورکرز کو منشیات فروخت کرتے تھے۔