ویب ڈیسک: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فلپ سمنز نے ٹیم کی حالیہ شکست پر بیٹنگ لائن اپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹرز توقعات پر پورا نہیں اتر سکے اور دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں مسلسل وکٹیں گنوا کر ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلپ سمنز نے کہا کہ دبئی اسٹیڈیم کی پچ پر بنگلادیش اس سے پہلے 169 رنز کا ہدف بھی کامیابی سے حاصل کرچکا ہے، لیکن اس بار بیٹرز نے غیر ذمہ دارانہ شاٹس کھیل کر موقع ضائع کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیٹنگ لائن اپ کی کارکردگی ہی شکست کی اصل وجہ بنی۔
ہیڈ کوچ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کی بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ انہوں نے کہا:"شاہین شاہ نے چھکے لگا کر بڑا اسکور بنایا اور نواز نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی، انہی کی کارکردگی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔"فلپ سمنز کے مطابق بنگلادیشی بولرز بھی دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور رنز دینے کا سلسلہ جاری رکھا، جس کی وجہ سے مخالف ٹیم نے اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنالی۔