کراچی ، عمارت سے مزید 2نعشیں برآمد، اموات6 ہوگئی،13 لاپتہ

سند ھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گزشتہ تین سالہ معاملات کی تفصیلی انکوائری کا حکم  
ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود باڈیز خراب ہونے کا خدشہ ہے:حکام  
کراچی(آئی این پی )کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتہ ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کے ملبے سے مزید 2لاشیں نکال لی گئیں ۔ریسکیو حکام کے مطابق مزید افراد کے بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران احتیاط برتی جا رہی ہے، ہیوی مشینری کے استعمال کی نسبت مینوئل سرچ پر زیادہ فوکس ہے، ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود باڈیز خراب ہونے کا خدشہ ہے۔حکام کے مطابق مشینری کے استعمال سے عمارت کا اسٹرکچر مزید گرنے کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گزشتہ تین سالہ معاملات کی تفصیلی انکوائری کا حکم دے دیا گیا شہر میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام میں ناکامی اور ذمہ داران کے تعین کے لئے وزیراعلی سندھ کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) کے گزشتہ تین سالہ معاملات کی تفصیلی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ۔وزیراعلی انسپیکشن ٹیم کو تحقیقات مکمل کر کے 15 روز میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔اس ضمن میں انکوائری کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سے گزشتہ تین سال کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور تمام متعلقہ دستاویزات یکم دسمبر صبح گیارہ بجے تک جمع کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔طلب کئے گئے ریکارڈ میں منظور شدہ بلڈنگ پلانز، عمارتوں کے کمپلیشن سرٹیفکیٹس، عدالتی حکم امتناع اور زیرِ سماعت مقدمات کی تفصیلات شامل ہیں۔انکوائری کمیٹی کی جانب سے خطرناک عمارتوں سے متعلق ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل، اس کے ارکان اور گزشتہ تین سال کی کارروائیوں کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔اس کے علاوہ تحقیقات میں ڈی جی ایس بی سی اے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹر ٹانز اور دیگر افسران کے کردار کا تعین بھی شامل ہے، جس کے لئے تمام افسران کی تعیناتی اور عہدوں پر رہنے کی مدت کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔مزید برآں، کمیٹی نے حیدرآباد اور سکھر کے ریجنل ایڈیشنل ڈائریکٹرز کے اختیارات اور دائرہ کار سمیت کراچی کے 25 ٹانز میں تعینات ڈائریکٹرز کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔