شہباز کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ وہ کتنے مجبور ،ملک عدم استحکام کا شکار ، کشیدگی پیدا نہ کی جائے
پشاور(آئی این پی ) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بلاول بھٹو اور مریم نواز کا موقف ایک جیسا ہے، دونوں صوبوں کی تقسیم نہیں چاہتے۔اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی تقاریر سے لگتا ہے کہ وہ نئے صوبوں کے قیام کی مخالف ہیں، انہوں نے اپنے چچا شہباز شریف کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر وفاقی حکومت کا موقف واضح نہیں، جان بوجھ کر ابہام پیدا کیا جا رہا ہے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ وہ کتنے مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک پہلے ہی سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، مزید کشیدگی پیدا نہ کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مفاہمت کا راستہ اختیار کریں۔