سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت، زراعت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ترجیحات ہیں‘سی پیک کے پہلے مرحلے میں تقریبا 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی:چینی وزیر سے گفتگو
بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد اب فن اور ثقافت کو بھی سیاسی کشیدگی کی بھینٹ چڑھانا شروع کر دیا ہے ‘اب تو بالغ نظری کا مظاہرہ کرو:وفاقی وزیر کا ایکس پر بیان
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے چینی منڈی تک پاکستانی برآمدات کے لئے زیرو ٹیرف رسائی مانگ لی۔انہوں نے یہ بات چینی وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات میں کہی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان کا چین کو سالانہ برآمدات تین ارب ڈالر سے بڑھا کر 20 سے 25 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان چین سے ایسی ہی ٹیرف رعایتوں کا خواہاں ہے جیسی افریقی ممالک کو دی گئی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت، زراعت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ترجیحات ہیں۔ سی پیک کے پہلے مرحلے میں تقریبا 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 8 ہزار میگاواٹ سے زائد اضافہ ہوا۔ پاکستان چینی اہلکاروں اور منصوبوں کے تحفظ کیلئے بدستور پرعزم ہے۔دریں اثناء احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر نے آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس نے بھارتی حکومت سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے بھارت نے کھیل اور پانی کے بعد اب فن اور ثقافت کو بھی سیاسی کشیدگی کی بھینٹ چڑھانا شروع کر دیا ہے۔احسن اقبال نے لکھا ہے کہ پہلے کھیلوں کو سیاسی ہتھیار بنایا، پھر پانی کو اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن نئی دہلی پر زور دے رہی ہے کہ پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔ایسی پابندیوں کی منطق پر سوال اٹھاتے ہوئے احسن اقبال نے لکھا ہے کہ آپ خود کو کتنا غیر محفوظ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ میچ آپ کو سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامے قومی سلامتی کا مسئلہ لگتے ہیں؟احسن اقبال نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے لکھا ہے اب تو بالغ نظری کا مظاہرہ کرو، کھلاڑیوں کو کھیلنے دو، پانی کو بہنے دو، فنکاروں کو تخلیق کرنے دو اور ناظرین کو فیصلہ کرنے دو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں