بھارت سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں انتشار چاہتا ہے: احسن اقبال

 سازش میں فتنہ الخوارج کا کردار بھی واضح اور خطرناک ہے، معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت پاکستان میں اندرونی انتشار کیلئے کوششیں کر رہا ہے
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے کہا ہے  بھارت اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں انتشار چاہتا ہے۔ ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت پاکستان میں اندرونی انتشار کیلیے کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں اندرونی انتشار پیدا کرے، اس سازش میں فتنہ الخوارج کا کردار بھی واضح اور خطرناک ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی اور امن کے بعد فلسطینی خوشی سے سرشار ہیں، اسرائیل کے مقابل مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی امن معاہدہ کر لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے ایسے وقت میں انتشار پیدا کرنے کی غرض کیا ہو سکتی ہے کس کی سہولت کاری ہے؟ آج پاکستان کو امن، استحکام اور معاشی بحالی کی ضرورت ہے۔