محمود خان اچکزئی کا پی ٹی آئی کے بانی کی ضمانت پر رہائی کی حمایت

 محمود خان اچکزئی کا پی ٹی آئی کے بانی کی ضمانت پر رہائی کی حمایت

پختون خوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو چاہے اچھا سمجھا جائے یا برا، کروڑوں لوگوں نے انہیں ووٹ دیا ہے، لہٰذا انہیں ضمانت پر رہائی دینی چاہیے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے 8 فروری کے انتخابات میں زر اور زور کی طاقت سے عوام کے مینڈیٹ کو چھینے جانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے آئین کی دھجیاں اڑائیں، اور اس ترمیم پر چھوٹے صوبوں کو بھی تحفظات تھے۔اچکزئی نے مزید کہا کہ ایک ووٹ خریدنے کے لیے 70 کروڑ روپے کہاں سے آئے؟ یہ ایک سوال ہے جس کا جواب دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اس وقت بحران میں ہے اور خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں، تاہم، وہ اور ان کی پارٹی ملک کی سالمیت اور بقاء کو عزیز سمجھتے ہیں۔

محمود خان اچکزئی نے دکی میں کوئلہ کان کے مزدوروں کے قتل اور گاڑیوں کو جلانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے ملک کی ایجنسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسیاں اتنی کمزور نہیں ہو سکتیں کہ ایک بچے کا پتا نہ لگا سکیں اور ان کے اغواء یا گمشدگی کی تحقیقات میں ناکامی کو غیرمناسب قرار دیا۔