پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو پہنچا دیا ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ حتمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح یہ ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو عدالت سے ملنے والے ریلیف کا فائدہ اٹھایا جائے، لیکن اگر وہ واپس ایوان میں نہیں آتے تو ان کی جگہ نئے افراد کو نامزد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے اعظم سواتی کو نامزد کیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے رہنماؤں کو اپوزیشن لیڈرز سے متعلق اپنے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔