وزیراعظم شہباز شریف کا اسٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل پر بیان

وزیراعظم شہباز شریف کا اسٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل پر بیان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنا سرمایہ کاروں کے بھروسے اور حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔

 انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا عکاس ہے۔وزیراعظم نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے محنت کرنے والے حکام کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی قوم سے یہ عہد کیا تھا کہ وہ ملکی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، جو اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب ثابت ہوئی۔

وزیراعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، شرح سود 15 فیصد پر آ چکی ہے، اور ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی کوششوں کو ناکام بنائے گی۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی ترقی کے لیے محنت جاری رکھی جائے گی اور دشمنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔