امریکی سینیٹرز کے خطوط ہماری سیاسی خود مختاری کی واضح خلاف ورزی: رضا ربانی

 امریکی قانون سازوں کو تاریخ کا سبق سکھانے کی ضرورت ہے، سابق چیئرمین سینیٹ کا بیان
کراچی (آن لائن)سابق چیئرمین سینیٹ اور رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹرز کے خطوط پاکستان کی سیاسی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی ہیں۔رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی سینیٹرز اور اراکینِ کانگریس کے انسانی حقوق پر بیانات بھی ایسی ہی خلاف ورزی ہیں، ہم امریکی سینیٹرز اور اراکینِ کانگریس کے بیانات و خطوط کی مذمت کرتے ہیں، یہ ستم ظریفی ہے کہ امریکی قانون ساز انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بات کریں۔اُنہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ امریکی قانون سازوں کو تاریخ کا سبق سکھانے کی ضرورت ہے، امریکی قانون ساز یاد رکھیں کہ مقامی امریکیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔رضا ربانی نے کہا کہ امریکی قانون سازوں کو یہ یاد کروانے کی ضرورت ہے کہ غلاموں کی تجارت کو کیسے انجام دیا گیا، غیر سفید فام امریکیوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عراق میں مظالم کیسے ہوئے، امریکا نے غزہ میں نسل کشی اور بڑے پیمانے پر قتلِ عام کی حمایت کی۔ غزہ اور لبنان میں ہسپتالوں اور شہری اہداف پر بم باری کے وقت امریکی قانون سازوں کا ضمیر کہاں تھا؟۔