جب آپ اپنی سلامتی کی حفاظت کے خواہاں ہوں تو دوسروں کی سلامتی کو بھی محفوظ رکھنا ہو گا،وزیرخارجہ
دمشق(آئی این پی)شام نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو شام کی سکیورٹی اور خود مختاری کا احترام کرنا ہو گا۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اشعد الشیبانی نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک کسی ریاست کے لیے خطرہ نہیں بنے گا جس میں اسرائیل شامل ہے۔انقرہ کا دورہ کرنے والے شامی وزیر خارجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں نئی انتظامیہ 1974 کے سمجھوتے کی پابند ہے جو شام کی اراضی اور اسرائیل کی سرحد کے درمیان بفرزون قائم رکھنے کو لازم قرار دیتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر زور دیا جائے تا کہ وہ شام کی اس اراضی سے نکل جائے جہاں اس نے پیش قدمی کی تھی۔انہوں نے مزید کہاکہ جس طرح اسرائیل چاہتا ہے کہ وہ اپنے امن کی حفاظت کرے تو ان پر بھی لازم ہے کہ وہ دوسروں کی سرحدوں اور امن کا احترام کریں، جب آپ اپنی سلامتی کی حفاظت کے خواہاں ہوں تو آپ کو دوسروں کی سلامتی کو بھی محفوظ رکھنا ہو گا۔