حوثیوں کو بتا دیا فوجی تصادم پر مکہ الائنس حرکت میں آئیگا ترجمان پاک فوج
حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا‘پاکستان کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے‘مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت کم وقت میں آگے بڑھا ہے، یہ معاہدہ 3 ممالک کی سوچ کا مجموعہ ہے
مشرقِ وسطی کے فوجی تنازع کو مزید پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں، مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے، تنازعات کے اتار چڑھائو کو کسی بھی سطح پر بڑھانے سے کسی ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا
مکہ الائنس کی قیادت اور لائحہ عمل واضح ہے ‘ اس کا کوئی جارحانہ ارادہ نہیں، یہ اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں، اتحاد کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے:عرب ٹی وی کو انٹرویو
راولپنڈی (آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا‘مقدس مقامات پر حملوں پر عوام، سیاسی اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ ہے۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے، حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، پاکستان کا پیغام سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آ چکا ہے، مقدس مقامات پر حملوں پر عوام، سیاسی اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ ہے۔انہوں نے کہا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت کم وقت میں آگے بڑھا ہے، یہ معاہدہ 3 مالک کی سوچ کا مجموعہ ہے، تنازعات کے اتار چڑھا کسی بھی سطح پر بڑھانے سے کسی ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے مشرقِ وسطی کے فوجی تنازع کو مزید پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں، مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مذاکراتی حل میں ناکامی، فوجی تصادم پر مکہ الائنس کا اجتماعی ڈیٹرنس حرکت میں آئے گا، مکہ الائنس کی قیادت اور لائحہ عمل واضح ہے کہ اس کا کوئی جارحانہ ارادہ نہیں، یہ اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں، اتحاد کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ خطے میں امن، استحکام، خوش حالی پر یقین رکھتے ہیں، مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔