گذشتہ سال85ہزار خواتین کو قتل کیا گیا،51ہزار سے زائداپنے ساتھی یا رشتے دار کے ہاتھوں قتل کی گئیں
افریقا میں شریک حیات اور خاندان کے ہاتھوں قتل کی جانے والی خواتین کی تعداد سب سے زیادہ ،رپورٹ
جنیوا(آئی این پی )اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 10منٹ میں ایک عورت شریک حیات ، بوائے فرینڈ یا پھر اپنے کسی رشتے دار کے ہاتھوں قتل کردی جاتی ہے۔107ممالک کے دستیاب اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ خواتین پر تشدد کے خلاف 25ویں عالمی دن پر یو این ویمن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں خواتین کے قتل کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 2023کے دوران ہر 10منٹ میں ایک عورت کو اپنے کسی ساتھی، شریک حیات یا پھر کسی نہ کسی رشتے دار کے ہاتھوں جان سے جانا پڑا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال تقریباً 85ہزار خواتین کو قتل کیا گیا، اس اعداد و شمار میں تقریباً 60فیصد یا 51ہزار سے زائد عورتیں اپنے ساتھی یا پھر کسی نہ کسی رشتے دار کے ہاتھوں قتل کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں عورتوں کے قتل کی شرح روزانہ اوسطا 140 ہے جہاں گھر میں لڑکیوں اور خواتین کو قتل کیے جانے کا خطرہ سب سے زیادہ موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق افریقا میں شریک حیات اور خاندان کے ہاتھوں قتل کی جانے والی خواتین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 2023 میں 21 ہزار 700 خواتین کو قتل کیا گیا، اس کے بعد امریکا اور اوشیانا کا نمبر ہے جب کہ خواتین کے قتل کی سب سے کم شرح یورپ اور ایشیا میں دیکھی گئی۔