راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی سیکیورٹی کے موجودہ میکنزم کا جائزہ لیا گیا، اور اس پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ملاقات میں موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، خاص طور پر پاک-ایران سرحد پر مؤثر نگرانی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، اور معلومات کے تبادلے جیسے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔