الیکٹرک بسوں کے روٹس بڑھانے کا منصوبہ ، جدید انفراسٹرکچر بھی بچھایا جا رہا ، شہر کا ٹرانسپورٹ ماڈل تبدیل کرنے کی تجویز
لاہور (کرائم رپورٹر)الیکٹرک بسوں کے روٹس بڑھانے کا منصوبہ بنا لیا گیا، مزید 400 گاڑیاں چلانے کی تیاری کر لی گئی۔نجی ہا ئوسنگ سوسائٹیوں کو بھی اس نظام کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ سبسڈی کا بوجھ کم ہو اور شہر کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک مزید مربوط بنایا جا سکے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور میں مزید 400 الیکٹرک بسیں چلانے کی تیاری مکمل کر لی ۔ نیا منصوبہ مالی سال 2025-26 میں عملی شکل اختیار کرے گا۔پہلی کھیپ اگست 2025 اور دوسری دسمبر میں لاہور پہنچے گی۔ نئی الیکٹرک بسوں کے ساتھ ایک جدید انفراسٹرکچر بھی بچھایا جا رہا ہے، جس کا دائرہ اب صرف مین روٹس تک محدود نہیں رہے گا۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکٹرک بس روٹس پر آنے والی نجی ہا ئوسنگ سکیموں کو بھی اس انفراسٹرکچر کا حصہ بنایا جائے گا۔ سکیموں میں بس ڈپو اور چارجنگ سٹیشنز بنانے کی تجویز پر کام جاری ہے۔اس مقصد کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایل ڈی اے سے باضابطہ رابطہ کر لیا تاکہ ان سوسائٹیوں کو قانونی دائرہ کار میں لایا جا سکے اور ان پر لازمی کیا جا سکے کہ وہ بس نیٹ ورک کیلئے سہولیات مہیا کریں۔اس منصوبے کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کابینہ کو ورکنگ پیپر پیش کرے گا جس میں سبسڈی کم کرنے کیلئے نجی تعاون کی تجاویز شامل ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کا ٹرانسپورٹ ماڈل تبدیل کیا جائے گا۔ الیکٹرک بسیں نہ صرف ایندھن کی بچت کا ذریعہ ہیں بلکہ ان کا استعمال شہری آلودگی میں کمی اور شور کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ دنیا کے کئی شہروں اوسلو، شنگھائی، لندن اور بارسلونا وغیرہ میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل یا جزوی طور پر الیکٹرک ہو چکی ہے۔