چاند نظر نہیں آیا ، عید الاضحی 7 جون کو ہوگی

ملک بھر سے کہیں بھی ذو الحج کے چاند کی شہادت نہیں ملی ،رویت ہلال کمیٹی
سعودیہ ،انڈونیشیا میں عید الاضحی 6 ، ملائیشیا اور برونائی میں 7 جون کو ہوگی
اسلام آباد(بیورو رپورٹ) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر سے کہیں بھی ذو الحج کے چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، یکم ذو الحج29مئی جبکہ عید الاضحیٰ 7 جون کو ہوگی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت مرکزی اجلاس کوہسار بلڈنگ میں ہوا۔دوسری جانب مرکزی اجلاس کے علاوہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے، تاہم ملک بھر سے کہیں بھی چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا،بدھ 28 مئی کو یکم ذی الحج ہوگا جبکہ وقوف عرفہ جمعرات 5 جون کو ہوگا، سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 6 جون کو ہوگی۔ انڈونیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، انڈونیشیا میں ذوالحج کا آغاز 28 مئی بدھ سے ہوگاجبکہ عیدالاضحیٰ 6 جون کو منائی جائے گی۔عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا،برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو منائی جائے گی۔