اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مودی ہمارے خلاف گولی چلائے گا تو ہم ‘غوری’ چلائیں گے، یعنی پاکستان کے ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے سے بھی نہیں ہچکچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر ایٹمی دھماکے کیے، جس پر پاکستان کی حکومت ابتدا میں فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار تھی، لیکن قاضی حسین احمد نے ملک بھر میں تحریک چلا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔حافظ نعیم نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام عزت و وقار کے لیے ہے اور ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو دنیا کی ایٹمی طاقت بنایا۔ پوری قوم نے معیشت کو قربان کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔انہوں نے تنقید کی کہ حکومت نے یوم تکبیر کے اشتہارات میں اپنے خاندان کی تصاویر لگائیں مگر اس عظیم سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی تصویر نہیں لگائی۔ ساتھ ہی کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو امریکہ سے نہیں ڈرنا چاہیے، کیونکہ پچھلی حکومت نے تو ڈاکٹر عبد القدیر کے جنازے میں شرکت بھی نہیں کی۔
سیاسی اور عسکری یکجہتی پر زور
انہوں نے کہا کہ اگرچہ سیاسی اختلافات ہوئے لیکن قوم نے فوج کے ساتھ یکجہتی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی طیارے گرا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اور مودی کو اپنی فکر کرنی چاہیے کیونکہ بھارت کی داخلی صورتحال بہت خراب ہے۔ 68 کروڑ بھارتی عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، اور عالمی طاقتیں ہم سے خوفزدہ ہو کر بھارت کی حمایت کر رہی ہیں تاکہ ہمیں کمزور کیا جائے۔
بھارت کے اندرونی مسائل اور کشمیر کی صورتحال
حافظ نعیم نے بھارت میں جاری آزادی تحریکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں شیڈول کاسٹ، مسیحی، مسلمان اور سکھ اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں مسلمانوں کو اقلیت میں بدل دیا ہے اور ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ دنیا کو کشمیر کی دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
اسرائیل، امریکہ اور بھارت کی گٹھ جوڑ
انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھارت کا ساتھی ہے اور انڈیا اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ پہلگام واقعے کے دوران اسرائیلی وفد بھی انڈیا کے ساتھ تھا۔ امریکہ نے بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی حمایت کی لیکن جب پاکستان نے بھارت کو شکست دی تو مودی نے امریکہ سے رابطہ کیا اور جنگ بندی ہوئی۔
جماعت اسلامی کی کامیابیاں اور آئندہ منصوبے
حافظ نعیم نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ڈاکٹر اظہر کی سپریم کورٹ سے رہائی کو پاکستان کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا نظریہ و عقیدہ ہے اور اس کے خلاف بات نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مسائل حل کرے تاکہ ملک میں اتحاد قائم رہے اور نوجوان مایوس نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو آزاد کروانا ابھی ہمارا ایجنڈا ہے، اس کے بغیر بھارت سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔