پاکستان میں پیدا ہونے والا گلابی نمک قدرتی وسائل اور ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے

پاکستان میں پیدا ہونے والا گلابی نمک قدرتی وسائل اور ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے

پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ایکسپو 2025 کے دوران ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والا گلابی نمک ملک کے قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔

 انہوں نے اس منفرد قدرتی خزانے کو "Universe in a Grain of Salt" قرار دیا اور عالمی برادری کو پاکستان پویلین کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔جام کمال خان نے جاپان ایسوسی ایشن برائے 2025 ورلڈ ایکسپوزیشن کے نمائندگان سے ملاقات کی اور مختلف ملکی و غیر ملکی پویلینز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ثقافتی تبادلوں اور عالمی تجارتی جدت، پائیداری اور ثقافتی سفارت کاری کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان پویلین کے منفرد ڈیزائن کو سراہا، جس میں نمک سے بنی فرش، ہیلنگ گارڈن، فن پارے اور انٹرایکٹو نمائشیں شامل ہیں۔ یہ ڈیزائن ایکسپو کے مرکزی تھیم "Designing Future Society for Our Lives" اور ذیلی تھیم "Saving Lives" سے ہم آہنگ ہے، جو گلابی نمک کی شفائی اور پائیدار خصوصیات کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پھیلانے کے لیے ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل، چمڑے، سرجیکل آلات اور کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے شعبوں میں۔

ساتھ ہی زرعی شعبہ، خاص طور پر چاول کی برآمدات اور آئی سی ٹی کے ہنر مند نوجوان عالمی منڈی کے لیے اہم اثاثہ ہیں۔جام کمال خان نے جاپان ایسوسی ایشن کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر پاکستان پویلین کا قیام ممکن نہ ہوتا۔ انہوں نے عالمی مہمانوں کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست 2025 کو ہونے والی تقریبات اور فوڈ ٹیسٹنگ و تجارتی نمائشوں میں شرکت کی دعوت دی۔وفاقی وزیر تجارت نے زور دیا کہ ایکسپو نہ صرف اقوام کی نمائش ہے بلکہ مختلف ثقافتوں، خیالات اور مستقبل کے حوالے سے مکالمے کا ذریعہ بھی ہے، اور پاکستان اس مکالمے میں بھرپور حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔