ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مسئلہ فلسطین کی عالمی سطح پر بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں خاص طور پر غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک ترسیل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی جارحیت کو فوراً روکے اور عالمی قوانین و انسانی حقوق کا احترام کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم کیا جا سکے۔ سعودی حکومت نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے تحفظ پر بھی زور دیا۔مزید برآں، اجلاس میں حج سیزن سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات دی گئیں۔یہ اجلاس سعودی عرب کی فلسطین کے حوالے سے مستقل موقف کو مزید تقویت دیتا ہے اور انسانی امداد اور امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔