نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری امداد کی فراہمی اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ملالہ نے سوشل میڈیا پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ شیئر کی، جس میں بتایا گیا کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب غزہ کے بچے شدید بھوک اور طبی سہولتوں کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی دل دہلا دینے والی ہے، جہاں معصوم فلسطینی بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔ملالہ نے مزید کہا، "میں ان بچوں کی حفاظت اور بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہوں، اور دنیا سے مطالبہ کرتی ہوں کہ فوری طور پر غزہ میں امداد پہنچائی جائے اور جنگ کا خاتمہ کیا جائے۔"
غزہ میں امداد کی بندش کے سبب تین لاکھ کے قریب بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں، جبکہ ساڑھے تین ہزار شیر خوار بچے غذائیت کی کمی سے زندگی کے خطرے میں ہیں۔ سرائیل نے 2 مارچ سے ہر طرح کی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس پر اوکسفیم جیسی تنظیموں نے عالمی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیا ہے۔